بنگلورو، 28؍جنوری (ایس او نیوز؍ یو این آئی ) کرناٹک میں کانگریس کے ساتھ انتخابات سے قبل مفاہمت کرنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیراعظم اور جنتادل ایس کے قومی صدر ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ مفاہمت کے لئے کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ باضابطہ بات چیت بہت جلد ہوگی۔بنگلورو سٹی کے جنتادل ایس ارکان اسمبلی و کونسل اور دیگر لیڈروں کے ساتھ انتخابات کی تیاریوں کے ضمن میں منعقدہ اجلاس کے بعد سابق وزیراعظم نے کہا کہ انتخابات سے قبل مفاہمت کے لئے کانگریس کے ساتھ اب تک بات چیت نہیں ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ جنتادل ایس بنگلورو اربن اور رورل اضلاع کے تحت آنے والے لوک سبھا انتخابات کے لئے جنتادل ایس کارگزار صدر کی تقرری کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ راجیہ سبھا رکن اوپیندرا ریڈی کی جنتادل ایس کے انچارج کی حیثیت سے تقرری ہوگی اور وہ انتخابی مہم میں کارکنوں اور رہنماؤں کے ساتھ تعاون کریں گے ۔دیوے گوڑا نے کہا کہ سیٹوں کی تعداد اور جنتادل ایس کو ملنے والے حلقوں کے بارے میں کانگریس کے ساتھ ماقبل انتخابات ہونے والے معاہدہ کے بعد ہی قطعیت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ لوک سبھا انتخابات میں مقابلہ کے لئے بنگلورو نارتھ کو منتخب کرسکتے ہیں۔ اس حلقہ سے فی الوقت مرکزی وزیر ڈی وی سدانندا گوڑا نمائندگی کررہے ہیں۔